افغان طالبان کامیڈیا کیخلاف کریک ڈاؤن، 4صحافی گرفتار، 2ٹی وی چینلز بند

افغان طالبان کامیڈیا  کیخلاف کریک ڈاؤن، 4صحافی  گرفتار، 2ٹی وی چینلز بند

کابل(دنیا مانیٹرنگ)افغان طالبان نے تازہ ترین کریک ڈاؤن کے دوران چار صحافیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ دو ٹی وی چینلز بند کر دئیے گئے ۔

آر ایس ایف نے ریڈیو کے صحافیوں کی رہائی اور نجی ملکیت والے دونوں ٹی وی چینلز کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبہ خوست میں ریڈیو کے تین صحافیوں کو 22 اپریل کو موسیقی نشر کرنے اور نشریات کے دوران خواتین سامعین کی کالیں وصول کرنے پر گرفتار کیا گیا ۔6 اپریل کو طالبان کی انٹیلی جنس نے غزنی صوبے میں ایک ریڈیو رپورٹر کو اس کی رپورٹنگ کے سلسلے میں گرفتار کیا۔ اس کا فون ضبط اور مواد کا معائنہ کیا۔16 اپریل کو نجی ٹی وی چینلز نور ٹی وی اور بریا ٹی وی کو قومی اور اسلامی اقدار کا احترام نہ کرنے پر بند کردیا گیا۔آر ایس ایف کا کہنا ہے کہ یہ تعزیری فیصلے میڈیا پر طالبان کی بے لگام پابندی کی تازہ ترین اقساط ہیں۔ حکام مسلسل صحافیوں کو نشانہ بناتے ہیں، خاص طور پر غیر ملکی میڈیا کیلئے کام کرنے والے رپورٹرزکو من مانی حراست اور ہر قسم کی پابندیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے کہا کہ نجی ملکیت والے ٹی وی نیوز چینلز کی سنسرشپ کا مقصد ایسی کسی بھی رپورٹنگ کو ختم کرنا ہے جو حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے ۔آر ایس ایف نے حراست میں لیے گئے صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں