مقبوضہ کشمیر:نامعلوم مسلح افراد کا حملہ ، 5بھارتی فوجی زخمی

مقبوضہ کشمیر:نامعلوم مسلح افراد  کا حملہ ، 5بھارتی فوجی زخمی

جموں(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں پانچ بھارتی فوجی زخمی ہوگئے ، دو کی حالت تشویشناک ہے ۔ کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فوج کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا گیا جن میں سے ایک فضائیہ کی تھی ۔

گاڑیاں پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں سنائی ٹاپ کی طرف جا رہی تھیں۔ادھر ضلع راجوری میں9جاٹ رجمنٹ سے وابستہ بھارتی فوجی راہول کمار نے خودکشی کرلی۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع سانبہ میں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت دو کشمیری نوجوانوں رادھے شام اور شیو دیال کو گرفتار کر لیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تنازع کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات نے مسئلہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیرکے بانڈی پورہ، شوپیاں، پونچھ، راجوری اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں گھر گھر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔خواتین کو ہراساں کیا گیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔دہلی ہائیکورٹ نے بیس سال جیل میں گزارنے والے حریت پسندکشمیری فیروز احمد بٹ کو پیرول پر رہا کرنے سے انکار کر دیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں