مقبوضہ کشمیر:محاصرے اور تلاشی کے دوران 3 جوان شہید

مقبوضہ  کشمیر:محاصرے  اور  تلاشی  کے  دوران 3 جوان  شہید

سرینگر(اے پی پی،کے پی آئی )مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کولگام میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

 کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے منگل کے روز نوجوانوں کو ضلع کولگام کے علاقے ریڈونی میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا،بھارتی فوجیوں نے دو رہائشی مکانات بھی تباہ کردئیے ۔فوجیوں نے  پونچھ، راجوری، ادھم پور، کٹھوعہ اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں مسلسل چوتھے روزبھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں مزید سات کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔ ایڈیشنل سیشن کورٹ بارہمولہ کے حکم پر پولیس نے جائیدادوں کی ضبطی کے نوٹسز چسپاں کئے ،ضبط کی گئی جائیدادیں 13کنال اراضی پر مشتمل ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی حالت زار کانوٹس لے اور وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کا اپنا مطالبہ دہرایا ہے ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی حکومتوں پر زوردیاکہ وہ تنازع کشمیر پر بامعنی مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں