پاک ،چین مذاکرات ،باہمی مفادات کے تحفظ کی یقین دہانی

پاک ،چین مذاکرات ،باہمی مفادات کے تحفظ کی یقین دہانی

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)چین اور پاکستان کے درمیان بیجنگ میں سٹریٹجک مذاکرات کا پانچواں دور ہوا جس میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مفادات کے تحفظ، جغرافیائی سرحدوں کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔

ٹی وی کے مطابق مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن واستحکام کے لیے ضروری ہے ۔چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا مذاکرات میں چین اور ہمارے درمیان کئی امور پر اتفاق ہوا ہے ، پاکستان تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا جبکہ چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی و جٖغرافیاتی سلامتی کے حوالے سے حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ان کا کہنا تھا پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن واستحکام کے لیے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر پر چین کی مسلسل حمایت کاشکریہ اداکرتے ہیں، سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔نائب وزیراعظم نے کہا چین نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی پر اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا، افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گردپناہ گاہوں کو ختم کرے ۔ان کا کہنا تھا شانگلہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے ۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا ایم ایل ون، گوادر بندرگاہ، کان کنی، آئی ٹی، توانائی،زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔چینی وزیر خارجہ نے کہا چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، چین اور پاکستان تزویراتی شراکت دار ہیں، ان کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے ۔وانگ ژی نے کہا پاک چین تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم ڈنگ زوکسیان سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے اس سال 26 مارچ کو شانگلہ حملے پر چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم سے تعزیت کا اظہار کیا اورمجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی اور مارے جانے والے چینی کارکنوں کی خدمات کو سراہا۔ 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں