غزہ جنگ کے دوران 21 ہزار فلسطینی بچے لاپتہ:سیودی چلڈرن کا انکشاف

غزہ جنگ  کے  دوران  21   ہزار فلسطینی  بچے  لاپتہ:سیودی چلڈرن  کا  انکشاف

غزہ (اے ایف پی ،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک ) 7اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی بربریت میں غزہ سے ابتک 21 ہزار فلسطینی بچوں کے لاپتہ ہو نے کا انکشاف ہوا ہے ۔

بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے غزہ جنگ کے نتیجے میں ہزاروں بچے لاپتہ ہیں، وہ یا تو تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں یا انہیں کسی اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا ہے یا پھر انہیں اسرائیلی فوجی گرفتار کرکے لے گئے ہیں۔ہزاروں بچے دوران جنگ اپنے والدین سے بچھڑے ، بچوں کی ایک نامعلوم تعداد ہے جنہیں جبری لاپتہ کرکے غزہ سے باہر لیجایا گیا جہاں ان کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے ۔تنظیم کے نمائندے کے مطابق کم از کم 17 ہزار بچے اپنے خاندانوں سے بچھڑ گئے ہیں جب کہ 4ہزار بچے گھروں اور عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں۔ دوسری جانب24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں میں 28افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا ہے حماس کے خلاف لڑائی کا شدید مرحلہ ختم ہونے والا ہے ،اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ جنگ ختم ہونے والی ہے ۔انہوں نے ایک بار پھر جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کر دیا ۔ امریکی جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل چارلس براؤن نے کہا لبنان پر اسرائیلی حملے کی صورت میں ایران مداخلت کر سکتا ہے ،بالخصوص جب حزب اللہ کی تنظیم کو خطرے کا سامنا ہو۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں