کینیا:بھاری ٹیکسوں سے عوام مشتعل،پارلیمنٹ، گورنر ہاؤس کو آگ لگادی،فائرنگ،10ہلاک:ارکان پارلیمنٹ کو زیر زمین سرنگوں سے نکالا گیا

کینیا:بھاری  ٹیکسوں  سے  عوام مشتعل،پارلیمنٹ، گورنر ہاؤس  کو  آگ  لگادی،فائرنگ،10ہلاک:ارکان پارلیمنٹ  کو  زیر زمین  سرنگوں  سے  نکالا گیا

نیروبی (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) کینیا میں بڑھتی مہنگائی ا وربھاری ٹیکسوں سے تنگ عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور پارلیمنٹ کی بلڈنگ اورگورنر ہاؤس سمیت کئی جگہوں کو آگ لگادی ۔۔۔

ارکان پارلیمنٹ کو زیر زمین سرنگوں کے ذریعے باہرنکالاگیا، احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 10افراد ہلاک اور31 زائد زخمی ہوگئے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دارالحکومت نیروبی میں پارلیمنٹ کے باہر افراتفری اور مظاہرین کے پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کینیاکے دارالحکومت نیروبی میں مظاہرین نے پارلیمنٹ کا گھیرائو کر لیا وہ بجٹ میں مہنگائی اورہوشربا ٹیکسوں کیخلاف احتجاج کررہے تھے جو ہنگاموں میں بدل گیا ، کینیا کی پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے میں ناکامی کے بعد آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا،مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر پتھرا ؤکیا۔سپریم کورٹ میں کھڑی گاڑیاں نذر آتش کر دیں ، سینیٹ میں داخل ہوگئے اور سٹی ہال بھی جلا دیا ،اس دوران پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ارکان کوسرنگوں کے ذریعے نکالا گیا۔ٹیکس کی تجویز دینے والے رکن پارلیمنٹ کی سپر مارکیٹ بھی جلا دی گئی ،کئی شہروں میں فوج تعینات کردی گئی جبکہ انٹر نیٹ سروس بھی معطل ہے ہنگاموں کا سلسلہ کئی شہروں تک پھیل گیا اور حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے فوج کو طلب کرلیاگیا۔ کینیا میں متعارف کروائے گئے فنانس بل میں 2.7 ارب ڈالر کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہیں جن کا مقصد معیشت پر سے قرضوں کا بوجھ کم کرنا ہے اور سلسلے میں آئی ایم ایف اور کینیا کا معاہدہ بھی ہوچکاہے ۔مقامی میڈیا کے مطابق کینیا کی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز ترمیمی مالیاتی بل کی منظوری دے کر بل صدر کو دستخط کیلئے بھیجا ، کینیا میں صرف سود کی ادائیگی میں سالانہ آمدنی کا 37 فیصد خرچ ہوتا ہے ۔ مظاہرین ٹیکسوں میں مجوزہ اضافے کیخلاف صدر ولیم روٹو سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کینیا میں ٹیکس مخالف مظاہروں کے بعد جان لیوا تشدد پر شدید تشویش اورافسوس کااظہار کیا ۔امریکا ،کینیڈا ،جرمنی اوربرطانیہ سمیت 13مغربی ملکوں نے کینیا کے حالات پر تشویش کااظہا ر کرتے کہا کینیا کی پارلیمنٹ کے باہر دیکھے گئے مناظر افسوسناک ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں