غزہ:شجاعیہ میں شدید لڑائی جاری، 43 شہید، بیسیوں زخمی

غزہ:شجاعیہ میں شدید لڑائی جاری، 43 شہید، بیسیوں زخمی

غزہ،یرو شلم(اے ایف پی،اے پی)غزہ کے علاقے شجاعیہ میں چوتھے روز بھی شدید لڑائی جاری، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، گولہ باری اور فائرنگ سے کم ازکم 43 افراد شہید، بیسیوں زخمی ہوگئے۔

دسیوں ہزار فلسطینی باشندے ایک بار پھرشجاعیہ سے نقل مکانی کر رہے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک 37 ہزار 877 فلسطینی شہید، 86 ہزار 969 زخمی ہو چکے۔ جنوبی لبنان پر اسرائیلی بمباری سے حزب اللہ کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔ ادھر حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے میں ٹینک اور گاڑی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر اسرائیل کی سپریم کورٹ نے متفقہ طور پر حکومت کو حکم دیا ہے کہ الٹرا آرتھو ڈوکس یہودی مردوں کو فوج میں شامل کرنا شروع کیا جائے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایک تاریخی حکم ہے جس میں ایک ایسے نظام کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کی وجہ 1948 سے الٹرا آرتھو ڈوکس یہودی مرد لازمی فوجی خدمات میں بھرتی ہونے سے بچ جاتے تھے ۔

رپورٹس کے مطابق لگ بھگ 13 لاکھ الٹرا آرتھو ڈوکس یہودی ہیں،یہ فوج میں بھرتی کی مخالفت کرتے ہیں کیوں کہ ان کا ماننا ہے کہ دینی مدارس میں کل وقتی تعلیم حاصل کرنا ہی ان کا سب سے اہم فریضہ ہے ۔یاد رہے الٹرا آرتھوڈوکس یہودیوں کی دو جماعتیں اسرائیلی وزیر اعظم کی حکومت کا حصہ ہیں۔اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیرایتمار بین گویر نے فلسطینی قیدیوں کو مزید کھانا دینے کے بجائے سر میں گولی مار کر موت کے گھاٹ اتارنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس سے قبل جیلوں میں قیدیوں کی مزید گنجائش پیدا کرنے کیلئے پہلے موجود قیدیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھر اسرائیل میں نیتن یاہو مخالف مظاہرہ، جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی کے نعرے، مظاہرین نے تل ابیب میں کئی مقامات پر آگ لگا دی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں