غزہ :اسرائیلی بربریت جاری ،2روز میں 87افراد شہید

غزہ :اسرائیلی بربریت جاری ،2روز میں 87افراد شہید

غزہ (اے ایف پی ،رائٹرز)غزہ پر اسرائیلی بربریت جاری ہے ،2روز میں مزید 87فلسطینی شہید ہو گئے ۔

وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں ابتک 38ہزار98فلسطینی شہید ،87ہزار705زخمی ہو چکے ۔ نصیرات میں ایک سکول پر اسرائیلی حملے میں 16پناہ گزین شہید ،50زخمی ہو گئے ۔ اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر اسرائیلی فوج نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے پچھلے 24 گھنٹوں میں المغازی، خان یونس، شجاعیہ اور رفح شہر پر حملے کئے جس کے نتیجے میں 5 صحافی اور انروا کے ایک رضاکار سمیت 29 افراد شہید ہو گئے ۔مشرقی لبنان میں ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں حزب اللہ کا ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا ۔حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کے معاملے پر مذاکرات کیلئے امریکی تجویز کو قبول کر لیا ،حماس نے غزہ میں مرحلہ وار جنگ بندی کے معاہدے کیلئے امریکی حمایت یافتہ تجویز کی ابتدائی منظوری دے دی ۔واشنگٹن کے مرحلہ وار معاہدے میں پہلے چھ ہفتے مکمل جنگ بندی ہوگی جس میں خواتین، بوڑھے افراد سمیت متعدد یرغمالیوں کی رہائی ہوگی اور سینکڑوں فلسطینی قیدی رہا کئے جائیں گے ۔ 42 دنوں کے دوران اسرائیلی افواج غزہ کے گنجان آباد علاقوں سے دستبردار ہو جائیں گی اور شمالی غزہ میں بے گھر لوگوں کو ان کے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جائے گی۔ادھر لندن میں سینکڑوں افراد نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے ۔انہوں نے واٹر لو پل پر امن کا نشان بھی بنایا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں