چین نے 14 فلسطینی دھڑوں میں اختلافات ختم کرا دیئے:بیجنگ معاہدے پر دستخط

چین نے 14 فلسطینی دھڑوں  میں اختلافات  ختم کرا دیئے:بیجنگ معاہدے پر دستخط

بیجنگ،اسلام آباد،غزہ (اے ایف پی،نامہ نگار،آئی این پی)فلسطین کے 14دھڑوں نے اختلافات ختم کرنے اور فلسطینی اتحاد کو مضبوط کرنے پر اتفاق کرلیا اور عبوری قومی مفاہمتی حکومت بنانے کیلئے بیجنگ اعلامیہ پردستخط کردئیے ۔

چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں 14فلسطینی دھڑوں میں21 سے 23جولائی تک جاری رہنے والے مصالحتی مکالمے کے اختتام پر گزشتہ روز تقریب میں اعلامیہ پر دستخط کئے گئے ۔ حماس اور الفتح سمیت کل 14 فلسطینی دھڑوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے ملاقات بھی کی جس میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی موجود تھے ۔اعلامیہ پرر حماس کے سینئر رکن موسیٰ ابو مرزوق اور الفتحمرکزی کمیٹی کے وائس چیئرمین محمود العلول نے دستخط کئے ۔ چین کے وزیر خارجہ نے غزہ میں ’’عبوری قومی مفاہمتی حکومت‘‘ کے قیام کے معاہدے کو سراہتے کہا مفاہمت کا یہ فیصلہ فلسطینی دھڑوں کا اندرونی معاملہ ہے لیکن اسکے ساتھ ساتھ یہ بین الاقوامی برادری کی حمایت کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا تھا۔ چین مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے تحفظ کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے ۔واضح رہے کہ 2006 کے انتخابات میں غزہ میں حماس کی کامیابی کے بعد حماس نے الفتح کو غزہ کی پٹی سے بے دخل کر دیا تھا جسکے بعد سے دونوں میں سخت اختلافات پیدا ہو گئے تھے ،حماس 2007 سے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے وہاں حکمران ہے ۔الفتح فلسطینی اتھارٹی پر حکومت کرتی ہے جسکے پاس مقبوضہ مغربی کنارے میں جزوی انتظامی کنٹرول ہے ۔حماس رہنما ابومرزوک نے کہا حماس نے قومی اتحادکیلئے مل کر کام کرنے کیلئے حریف الفتح سمیت دیگر فلسطینی تنظیموں کے ساتھ بیجنگ میں معاہدے پر دستخط کئے ۔ادھراسرائیل نے اس معاہدے کی مخالفت کردی ،اسرائیلی وزیرخارجہ کاٹز کا کہناتھاکہ حماس کی حکمرانی کو کچل دیا جائے گا اور فلسطینی صدر محمود عباس کے گروپ الفتح نے اس دھڑے کو گلے لگایاہے جسکے 7 اکتوبر کے حملوں نے جنگ کو جنم دیا۔ اب حکومت میں حما س کی شمولیت اسرائیل اور امریکا کیلئے شرمندگی کا باعث ہوگی ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ایکس پر پوسٹ میں اہم سفارتی کامیابی پر چین کو سراہا ۔انہوں نے کہا معاہدے سے امید پیدا ہوئی ہے کہ پائیدار امن حاصل کیا جاسکتا ہے ۔وزیراعظم نے دنیا پر زور دیا وہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہو ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے کہا میرے خیال میں اتحاد کی جانب تمام اقدامات کا خیرمقدم اور حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے ۔دوسری طرف اسرائیل نے فلسطین پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے ،24گھنٹے کے دوران مزید 89فلسطینی شہید ہوگئے ۔اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے میں پناہ گزین کیمپ تل کریم پر صبح سویرے حملہ کرکے دو خواتین سمیت پانچ فلسطینیوں کو شہید کر دیا،دیگر علاقوں میں 84لوگ مارے گئے ۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے دوران اب تک 39ہزار 90فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔اسرائیل میں خوفناک مچھر کے وار سے 38سے زائد شہری ہلاک ہوگئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خاص نسل کے مچھر کے کاٹنے سے ویسٹ نیل بخار وائرس پھیلتا ہے جس سے اتوار کو 38ہلاکتیں ہوئیں ۔ اسرائیلی وزیر صحت نے تصدیق کرتے بتایا مچھر کے کاٹنے سے وائرس پھیلا ہے جبکہ رواں سال کیسز کی تعداد 566تک پہنچ گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں