غزہ :مزید 41فلسطینی شہید ،یرغمالی رہاکروانے کا دعویٰ

غزہ :مزید 41فلسطینی شہید ،یرغمالی رہاکروانے کا دعویٰ

غزہ (اے ایف پی)اسرائیل نے گزشتہ 24گھنٹوں میں فلسطین پرحملے کرکے 41 فلسطینیوں کو شہید کردیا جبکہ ایک یرغمالی کو رہا کروانے کا دعویٰ کیاہے ۔

فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج اور طیاروں نے غزہ کے کئی مقامات پر حملے کئے جس میں مزید 41فلسطینی شہید ہوگئے جس سے شہداکی تعداد 40ہزار 476ہوگئی ہے ،11ماہ سے زائد کے دوران ہونیوالے حملوں میں 93ہزار 647افرادزخمی بھی ہوئے جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہناہے کہ غزہ میں طبی سہولتیں اسرائیلی فوج کے نشانے پر ہیں، اسرائیل کی جانب سے اب تک طبی مراکز پر 500 سے زائد حملے کئے گئے ہیں ،غزہ کے 128 ہیلتھ ورکرز اب بھی اسرائیل کی قید میں ہیں۔اسرائیلی حملوں میں 32 ہسپتالوں کو نقصان پہنچا، اسرائیلی حملوں کے بعد غزہ کے 36 میں سے صرف 16 ہسپتال جزوی طور پر فعال ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیاہے کہ اس نے جنوبی غزہ میں آپریشن کرکے ایک اسرائیلی یرغمالی کو بازیاب کرالیا ہے ، 52 سالہ اسرائیلی بدو کید الکادی کو حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے دوران اغوا کیا تھا۔ بازیاب ہونیوالے بدوکید الکادی کا تعلق عرب اکثریتی شہر راحت سے ہے اور ایک گودام میں گارڈ کے طور پر کام کرتاتھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں