مون سون کا طاقتور سپیل، ملک کے مختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب

لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے زوردار سپیل نے جل تھل ایک کردیا، موسلادھار بارش سے مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

لاہور

رات گئے لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا، شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، قرطبہ چوک، اچھرہ، فیروز پور روڈ، چونگی امرسدھو ، کاہنہ ، گجومتہ اور اطراف میں بادل برسے۔

کینال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن ، ٹاؤن شپ، پنڈی سٹاپ اور گردونواح میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

اسلام آباد/راولپنڈی

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، راول ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے پر سپیل ویز کھول دئیے گئے۔

کراچی

کراچی میں مون سون کے زوردار سپیل سے جل تھل ایک ہو گیا، اولڈسٹی ایریا، ٹاور، ایم اے جناح روڈ، صدر، گرومندر، گلستان جوہر، جیل چورنگی، لیاقت آباد، کریم آباد، صفورا، نارتھ کراچی، ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش نے رنگ جما دیا۔

سندھ کے دیگر اضلاع حیدرآباد، جامشورو، مٹیاری، بدین، گولارچی، ٹھٹھہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، ٹھٹھہ کے گاؤں ہاشم کلوئی میں بارش سے 40 کچے مکانات گر گئے نوابشاہ  اور سانگھڑ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔

ملتان

ملتان میں بارش کا 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر اولیاء میں 172 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، ملتان میں 1976 میں 134.5 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی تھی، بہاولپور، حجرہ شاہ مقیم، احمد پور شرقیہ، اوچ شریف، چکوال اور رینالہ خورد میں بھی تیز بارش ہوئی۔

شجاع آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث ریلوے پھاٹک کے قریب کباڑ خانے کی دیوار گرنے سے ماں اور بیٹی سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

 پاکپتن، خانیوال، دریا خان اور کراچی میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چکوال میں بارش کے باعث چھت گرنے سے 50 مویشی ہلاک ہوگئے۔

کئی علاقوں میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، پنڈ دادنخان میں بارشوں سے تباہی مچ گئی، موسلادھار بارش کے باعث مسافر بس سیلابی ریلے میں پھنس گئی ، مون سون کے زوردار سپیل کے باعث چوآسیدن شاہ شہر سے گزرنے والا نالہ بپھر گیا۔

ادھر روجھان ،کوہ سلیمان سے آنیوالے سیلابی ریلوں سے متعدد بستیاں زیر آب آگئیں، درجنوں گھر متاثر ہوئے، کرک شہر اور گرد و نواح میں طوفانی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کا پانی گھروں اور مارکیٹوں میں داخل ہو گیا۔

آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مظفر آباد و گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، دارالحکومت سے ایبٹ آباد کو ملانے والی لوہار گلی شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ایک بار پھر بند ہوگئی ۔

ایس ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی شاہراہ عام ٹریفک کیلئے بحال ہے، شہری اور سیاح بالائی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں