مریدکے: شادی والے گھر میں صفِ ماتم، ٹرالر ڈرائیور نے 2 بھائیوں کو کچل ڈالا
مریدکے: (دنیا نیوز) شیخوپورہ روڈ پر ٹرالر ڈرائیور کی غفلت سے شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، دلہا دلہن کی گاڑی کے پیچھے گھر واپس جانے والے موٹر سائیکل سواروں کو ٹرالر نے روند ڈالا۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹرالر کی زد میں آنے والے دونوں شہری حقیقی بھائی تھے جنہیں شدید زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا، شدید چوٹوں کی وجہ سے 45 سالہ سلیم ولد غلام علی ہسپتال میں ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ عظیم ولد غلام علی کو مرہم پٹی کے بعد تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ شیخوپورہ روڈ پر 28 چک کے قریب پیش آیا، ٹرالر ڈرائیور حادثے کے بعد گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر قبضے میں لے لیا، ورثاء کی جانب سے تادیبی کارروائی نہ کرنے پر نعش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔