امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک اور تیل بردار جہاز پر قبضہ کر لیا

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی فورسز نے وینزویلا کے ساحل کے قریب سے ایک اور تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہفتے کے روز پیش آنے والا یہ واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وینزویلا میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے تمام پابندی کے شکار تیل بردار جہازوں کے خلاف ناکہ بندی کے اعلان کے چند ہی دن بعد سامنے آیا ہے۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر دباؤ بڑھا رہے ہیں اور خطے میں امریکی فوجی موجودگی میں بھی نمایاں اضافہ کیا جا رہا ہے، وینزویلا نے امریکی اقدام پر تاحال کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے، تاہم اس سے قبل وہ امریکا پر اپنے تیل کے وسائل چرانے کی کوشش کا الزام عائد کرتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ حالیہ ہفتوں میں دوسرا موقع ہے کہ امریکا نے وینزویلا کے قریب تیل بردار جہاز کو ضبط کیا ہے، چند روز قبل بھی امریکا نے وینزویلا کے قریب سے ایک تیل بردار جہاز کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں