بلوچستان میں سرما کی پہلی بارش سے دیواریں گر گئیں ، درخت اکھڑ گئے

شمال بالائی بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، کئی گھروں کی دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے۔

بلوچستان کے چمن شہر، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کےکھمبے، دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے، اکثر علاقوں میں بار ش کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، دوسری جانب بالائی پہاڑی علاقوں میں تیز ژالہ باری ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ کان مہترزئی کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔چترال لوئر اور اپر میں بھی وقفے وقفے سے بارش نے موسم مزید سرد کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 10 ماہ بعد بلوچستان کے شمال بالائی علاقوں میں بارش ہوئی ہے جس سے شمالی بلوچستان میں جاری طویل خشک سالی کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

 ادھر بلوچستان کے کچھ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.3 اور گہرائی 8 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز خضدار سے 70 کلومیٹر مغرب میں تھا۔

زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے، زلزلے کے باعث تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں