ملکی ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں:اسحاق ڈار

ملکی ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں:اسحاق ڈار

لندن(نیوزایجنسیاں)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت پاکستان کی ترقی کے سفر میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرے گی، پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔

انہوں نے پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے پاکستان ہاؤس لندن میں ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں، پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 15 ہوگئی، جو برطانوی جمہوریت کی کامیابی کا ثبوت ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے بھاری جانی و مالی قربانیاں دیں۔ ترجمان دفتر خار جہ کے مطابق نائب وزیر اعظم نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو پاکستان کے معاشی بحالی کے روڈ میپ کے بارے میں بریفنگ دی اور تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کیلئے ان کی حمایت کو سراہا۔ پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پرتکلف عشائیہ دیا۔ بعدازاں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ پی ٹی آئی سے نہ تو مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ کوئی امکان ہے ۔ پہلے 9 مئی کے کیس کا فیصلہ ہو جانے دیں، سوشل میڈیا پر آزادی کے حوالے سے برطانوی حکام سے بات ہوئی، پہلے وہ ہمیں آزادی کے حوالے سے طعنے دیتے تھے ۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ساؤتھ پورٹ کے واقعے کے بعد ملوث افراد کے خلاف برطانیہ میں سرعت کے ساتھ انصاف کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں سماعت کا فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا، ہمیں اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات کرنا ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں