اقوام متحدہ :فلسطین پر اسرائیلی قبضے کیخلاف قرارداد منظور
غزہ (اے ایف پی)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قراداد منظور کرلی گئی ، اسرائیل کو ایک سال کے اندر فلسطینی علاقوں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے سے قبضہ ختم کرنے کا کہا گیا ہے ۔
پاکستان، ترکیہ اور قطر سمیت دیگر ممالک کی جانب سے پیش کی جانے والی مشترکہ قرارداد کے حق میں 124 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 14 نے مخالفت کی ، 43 ممالک کے اراکین ووٹنگ میں شامل نہیں ہوئے ۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے قرارداد منظوری کو شرمناک فیصلہ قرار دیا اور الزام لگایا کہ اس طرح کے اقدامات سے فلسطین میں موجود دہشتگردوں کی سفارتی پشت پناہی کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ،2روز میں 46افراد شہید ،100 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ رفح میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان شدید جھڑپوں میں 4صیہونی فوجی ہلاک،10شدید زخمی ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں اسرائیلی خاتون پیرامیڈکس بھی شامل ہے ۔غزہ شہر کے شجاعیہ محلے میں ابن الہیثم سکول پر اسرائیلی بمباری میں 5افراد شہید ،متعدد زخمی ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں ابتک کم ازکم 41ہزار 272افراد شہید ،95ہزار551زخمی ہو چکے ۔علاوہ ازیں یمنی خوثیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے 3امریکی ڈرون مار گرائے ہیں ۔پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائڈر نے صحافیوں کو بتایا کی ایک امریکی ڈرون یمن کے قریب گر کر تباہ ہوا۔