ہنیہ کا بدلہ نہ لینے پر سیز فائر کاامریکی وعدہ جھوٹ تھا:ایرانی صدر
تہران،واشنگٹن(اے ایف پی ،رائٹرز،آئی این پی)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی اور یورپی حکام وعدے کررہے تھے کہ اگر ایران اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا ردعمل نہیں دیتا تو جنگ بندی ہو جائے گی لیکن یہ سبھی وعدے جھوٹے تھے ۔
ارنا کے مطابق گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے اسرائیلی جرائم کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حالیہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی اصول وضوابط کا پابند نہیں ہے ۔ ایرانی صدر نے کہا کہ انہوں نے ایک امریکی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ میں حزب اللہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔علاوہ ازیں تہران میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایرانی دفترِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ ایران جنگ تو نہیں چاہتا لیکن وہ اس سے ڈرتا بھی نہیں ہے ۔ایران اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کا جواب دئیے بغیر نہیں رہے گا۔دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ واشنگٹن تہران سے آنے والے بیانات کو سن رہا ہے اور انتظار کر رہا ہے کہ وہ کیا کرے گا؟، جان کربی نے کہا کہ ہم لبنان میں اگلے صحیح قدم کے بارے میں اسرائیلیوں سے بات کرتے رہتے ہیں، اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کی حمایت ٹھوس ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔