حماس کا حملہ،ٹینک،4گاڑیاں تباہ ،کئی اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی:ہسپتال کے قریب بمباری،13 لبنانی شہید

حماس کا حملہ،ٹینک،4گاڑیاں  تباہ  ،کئی اسرائیلی  فوجی  ہلاک  و زخمی:ہسپتال  کے  قریب  بمباری،13 لبنانی شہید

بیروت ،غزہ(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) حماس نے جبالیہ میں اسرائیلی فوج پر بڑا حملہ کرکے ٹینک اور 4گاڑیوں کوتباہ کردیا جبکہ کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے ۔۔۔

اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں 18روز سے جاری محاصرے کے دوران سینکڑوں فلسطینیوں کو شہید کردیا  ،گزشتہ 2دن میں 115فلسطینی شہید ہوئے ۔اسرائیل کی فوج نے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے سے لوگوں کو انخلا کا حکم دے دیا جبکہ جنوبی بیروت کے ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی حملے میں ایک بچے سمیت 13 افراد شہید ہوگئے ۔ اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کے روز حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ان کے بیڈروم کی کھڑکی کو نشانہ بنایا تھا۔تفصیلات کے مطابق حماس نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیا اور ٹینک سمیت اسرائیلی فوج کی 4گاڑیوں کو تباہ کردیا،اس بڑے حملے میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ۔القسام بریگیڈ کا دعوی ٰ ہے کہ حملے میں 14اسرائیلی فوجی مارے گئے ۔ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں 18روز سے محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے اوروحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں ۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران 115فلسطینی شہید ہوئے ،جس سے شہید ہونیوالوں کی کل تعداد 42ہزار718ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 282افرا د زخمی ہوئے ۔اسرائیلی پولیس نے یروشلم سے 7فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا دعوی ٰکیا ہے جس پر الزام عائد کیاگیاہے کہ وہ حملے کی پلاننگ کر رہے تھے ۔ اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان ایویچے آدرائے نے ایکس پر ایک دھمکی آمیز پیغام میں لکھا کہ جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے کے لوگ اپنی حفاظت اور اپنے خاندان کی حفاظت کیلئے عمارتوں کو فوری طور پر خالی کردیں ،ان عمارتوں کو جلد نشانہ بنایا جائے گا۔جنوبی بیروت کے ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ 13افراد شہید اور 57شدیدزخمی ہوگئے ۔

ہفتے کے روز لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی شہر قیصریہ میں ذاتی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیاتھا۔اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حملے کے وقت نیتن یاہو اور ان کی فیملی گھر پر موجود نہیں تھی تاہم رہائش گاہ کو نقصان پہنچا، ڈرون سے نیتن یاہو کے بیڈ روم کی کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں مہینوں کی لڑائی کے بعد پورے فلسطین میں غربت کی شرح اس سال تقریباً د گنی ہو کر 74.3 فیصد ہو جائے گی ۔غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر منیر البرش کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں کفن ختم ہوچکے ہیں اور ہم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں موجود کپڑے عطیہ کریں۔ شمالی غزہ کے زیر محاصرہ علاقے جبالیہ کے کمال عدوان ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کا کہنا ہے کہ اگر امداد نہ پہنچی تو آئندہ چند گھنٹوں میں ہسپتال میں موجود زخمی زندہ نہیں بچیں گے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملرنے کہاہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات میں ان پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے کام کریں ،وزیرخارجہ نے اسرائیل کو غزہ میں انسانی امداد بڑھانے اور اسے برقرار رکھنے کیلئے اضافی اقدامات کرنے پرزوردیتے ہوئے کہاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ امداد پورے غزہ میں عام شہریوں تک پہنچے ۔آسٹریلوی میڈیا نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی اصل تعداد 2 لاکھ ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں