حزب اللہ نے حسن نصر اللہ کے جانشین ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کر دی

حزب اللہ  نے  حسن نصر اللہ  کے  جانشین  ہاشم  صفی  الدین  کی  شہادت  کی تصدیق  کر دی

بیروت ،غزہ ،یروشلم (اے ایف پی ،رائٹرز) حزب اللہ نے حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین اور اپنے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کردی۔

حزب اللہ کے مطابق ہاشم اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے ۔گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ہاشم کو تین ہفتے پہلے بیروت پر حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہاشم صفی الدین سابق حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کے کزن تھے ۔یہ پہلا موقع تھا جب اسرائیل نے حسن نصراللہ کے بعد حزب اللہ کے اعلیٰ ترین سیاسی عہدیدار کے ہاشم صفی الدین کے قتل کی تصدیق کی۔دوسری جانب غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے 74فلسطینی شہید ، 150 زخمی ہوگئے ۔ غزہ میں رہائشی عمارت پر بمباری سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید،6 زخمی ہوگئے ۔ دیرالبلاح میں فوج نے انروا کی کار کو نشانہ بنایاجس سے انروا کے رکن سمیت 2 افراد شہید ہوگئے ۔ وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر2023 سے ابتک شہدا کی تعداد 42 ہزار 792 ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، غزہ کی پٹی اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی ولی اور امریکی وزیر خارجہ نے غزہ اور لبنان میں جاری عسکری کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل سے ملاقات میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کی۔گزشتہ روز حماس کا وفدموسیٰ ابو مرزوک کی قیادت میں خطے پر جارحیت اور جنگ کو روکنے کے طریقوں پر روسی حکام سے ملاقات کیلئے ماسکو پہنچا۔ ادھر گزشتہ روز اسرائیل نے لبنان میں کئی مقامات پر شدید بمباری کی ، حملوں میں کئی افراد شہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔علاوہ ازیں حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے بدھ کو تل ابیب کے مضافات میں اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس بیس پر راکٹ فائر کئے ، حملے میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت یقینی ہے ۔ شمالی اسرائیل میں ایک فوجی اڈے پر بھی راکٹ داغے گئے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں