چین، بھارت کو تعلقات مضبوط بنانے چاہئیں:چینی صدر

چین، بھارت کو تعلقات مضبوط بنانے چاہئیں:چینی صدر

کازان(اے ایف پی)چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور بھارت کو اپنے تعلقات مضبوط بنانے چاہئیں۔انہوں نے برکس سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم مودی سے ملاقات پر کہا فریقین کو رابطے اور تعاون کو مضبوط کرنا چاہیے ۔۔

اختلافات کو ختم کر کے صحیح طریقے سے ایک دوسرے کے ترقی کے خوابوں کو پورا کرنا چاہیے ۔اس موقع پر مودی کا کہنا تھا ہندوستان اور چین کے تعلقات علاقائی ، عالمی امن اور استحکام کے لیے اہم ہیں۔باہمی اعتماد اور احترام سے دو طرفہ تعلقات درست سمت میں جائیں گے ۔یاد رہے چند روز قبل بھارت اور چین نے ہمالیہ خطے سے فوجیں پیچھے ہٹانے کا معاہدہ کیا ہے ۔برکس سربراہی اجلاس کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کثیر قطبی ورلڈ آرڈر تشکیل دیا جا رہا ہے ،یہ متحرک اور ناقابل واپسی عمل ہو گا ۔برکس اجتماع اس بات کی علامت ہے کہ ماسکو کو الگ تھلگ کرنے کی مغربی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔پوٹن کا کہنا تھا کہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے وہ یوکرین کے تنازع میں ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔علاوہ ازیں برکس رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا اسرائیل لبنان میں یو این عملے کو نشانہ بنانا بند کرے ۔رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ لبنان کی علاقائی سالمیت کو محفوظ رکھا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں