لندن میں قاضی فائز کی گاڑی پر حملہ کرنیوالوں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائینگے : وزیر داخلہ

 لندن  میں  قاضی  فائز  کی  گاڑی  پر  حملہ  کرنیوالوں  کے  شناختی  کارڈ  بلاک  اور  پاسپورٹ  منسوخ  کیے  جائینگے  :  وزیر  داخلہ

لندن(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا لندن میں قاضی فائز کی گاڑی پر حملہ کرنیوالوں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائینگے۔۔

سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کو برطانیہ کی قدیم ترین قانونی درسگاہ مڈل ٹیمپل میں بطور بینچر منتخب ہونے کی تقریب سے واپسی پر تحریکِ انصاف کے ورکرز کی جانب سے حملے اور بدمزگی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ،اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سابق چیف جسٹس اپنی اہلیہ کے ساتھ مڈل ٹیمپل سے سیاہ گاڑی میں روانہ ہو رہے تھے کہ درسگاہ کے دروازے پر موجود پی ٹی آئی ورکرز نے ہنگامہ شروع کر دیا، انہوں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا اور مکے برساتے رہے ، جس کے نتیجے میں فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ کو اپنا بچاؤ کرنا پڑا،پی ٹی آئی ورکرز سابق چیف جسٹس کی گاڑی کو گھیرے میں لے کر ساتھ چلتے ہوئے نعرے بازی و احتجاج کر رہے تھے ،اس موقع پر ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری، اظہر مشوانی اور دیگر نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا تھا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے جانبدارانہ تھے ، انہیں مڈل ٹیمپل بینچر بنانا برطانوی اقدار کے منافی ہے ، مڈل ٹیمپل جیسے معتبر ادارے کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے ۔ ایک اور وائرل ویڈیو میں پی ٹی آئی لندن کے رہنما عامر خان کو مڈل ٹیمپل کے ایک پاکستانی بیرسٹر سے بحث کرتے ہوئے بھی دیکھ سکتے ہیں،اس ویڈیو میں مذکورہ بیرسٹر پی ٹی آئی ورکرز کو سمجھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ وہ احتجاج ضرور کریں مگر گالم گلوچ مت کریں۔ادھر پاکستانی ہائی کمیشن نے حملہ آوروں کے خلاف شکایت درج کروا دی،سفارتی ذرائع کے مطابق ہائی کمشنر نے صحافیوں کا معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھانے کی تصدیق کر دی، سکاٹ لینڈ یارڈ میں نو افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا۔سکاٹ لینڈ یارڈ کو اندراج مقدمہ کی درخواست سفارتی اختیارات کے ذریعے درج کروائی گئی، قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کے دوران پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے صحافیوں سے گفتگو میں معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا واقعہ افسوسناک ہے ، ہم اس معاملے کو ملکی سطح پر اٹھائیں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ،نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے ،حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،ان کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کر کے مزید کارروائی ہوگی اور ان کے شناختی کارڈ بلاک و پاسپورٹ منسوخ کئے جائیں گے ، شہریت فوری منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا، انہوں نے کہا لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا، اس پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے ،سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی، اس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔مزید برآں پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے برطانوی وزیر خارجہ کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے آگاہ کیا تھا کہ سابق چیف جسٹس کی آمد پر ایسا واقعہ ہو سکتا ہے ، اس وجہ سے سکیورٹی بھی مانگی تھی مگر محافظ فراہم نہیں کیے گئے ،برطانیہ اپنے قوانین کے تحت ہنگامہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ کو لکھے خط میں مزید اقدامات کیلئے رہنمائی مانگی ہے ،خط میں کہا گیا ہے کہ برطانوی وزارت خارجہ کو سابق چیف جسٹس کی آمد پر ہنگامہ کے حوالے سے بتا دیا تھا، جب ضروری ہوا پاکستانی ہائی کمیشن کا ڈرائیور برطانوی پولیس کو باضابطہ رپورٹ درج کروا دے گا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں