غزہ :مزید41شہید، عارضی جنگ بندی تجویز قبول نہیں:حماس
غزہ ،بیروت (اے ایف پی)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ،گزشتہ 24گھنٹے میں مزید 41افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر تلکرم میں رات گئے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں تین فلسطینی شہید ہو گئے ۔وزارت صحت نے کہا ہے کہ صیہونی حملوں میں اب تک 43ہزار204فلسطینی شہید،ایک لاکھ ایک ہزار چھ سو اکتالیس زخمی ہو چکے ۔دوسری جانب حماس کے سینئر عہدیدار طاہر النونو نے جمعرات کو کہا کہ غزہ میں لڑائی کو عارضی طور پر روکنے کی کسی بھی تجویز کو مسترد کرتے ہیں ، انہوں نے کہا ہمارا دیرپا جنگ بندی پر اصرار ہے ۔ لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ جنوبی لبنان میں تین مقامات پر اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ سے وابستہ چھ امدادی کارکن شہید ہو گئے ۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی ہمدردی نے کہاہے کہ جنگی کارروائیوں کے باعث لبنان میں 8لاکھ 30ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ اگلے چند دنوں میں جنگ بندی کا معاہدہ ممکن ہے ۔واشنگٹن نے تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی کی صورت میں اسرائیل 60 روزہ جنگ بندی کے پہلے ہفتے کے اندر لبنان سے اپنی فوجیں نکال لے گا۔شمالی اسرائیل کے قصبے میتولا میں لبنان سے حزب اللہ کے راکٹ حملے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے ۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی ایلچی آموس ہوچسٹین اور مشرق وسطیٰ کے امریکی مشیر بریٹ میک گرک سے کہا کہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے کسی بھی معاہدے کو اسرائیل کی سلامتی کی ضمانت دینا ہوگی۔اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ انہوں نے ایک اسرائیلی جوڑے کو ایران کے لیے جاسوسی کے شبے میں گرفتار کیا ہے ۔