لبنان:اسرائیلی حملہ،حسن نصراللہ کے چچا 3 بیٹوں،ایک پوتے سمیت شہید

لبنان:اسرائیلی حملہ،حسن نصراللہ کے چچا 3 بیٹوں،ایک پوتے سمیت شہید

غزہ ،بیروت ،یروشلم(اے ایف پی، رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک)لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی بمباری میں حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصر اللہ کے چچا اپنے 3 بیٹوں اور ایک پوتے سمیت شہید ہوگئے ۔

 اسرائیلی لڑاکا طیارے نے جنوبی لبنان کے ضلع صور کے قصبے البزوریہ میں ایک گھر پر بمباری کی جس میں 5 افراد شہید ہوگئے ۔اس گھر کو حسن نصر اللہ کا آبائی گھر بھی کہا جاتا ہے ۔یاد رہے ستمبر میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ لبنان میں تنظیم کے ہیڈکوارٹرز پر اسرائیلی بمباری میں اپنے دو ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے ۔گزشتہ روز غزہ پر اسرائیلی بمباری میں 39افراد شہید ،70سے زائد زخمی ہو گئے ،وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں ابتک 43ہزار508فلسطینی شہید ،1لاکھ 2ہزار 684زخمی ہو چکے ۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا ہے کہ غزہ جنگ میں شہیدہونے والوں میں تقریباً 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سے لوگ انسانیت کے خلاف جرائم اور ممکنہ طور پر نسل کشی کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ میں ظالمانہ جرائم کو روکنے اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششیں کی جائیں ۔حزب اللہ نے کہا کہ اس نے اسرائیلی شہر حیفہ کے قریب ایک بحری اڈے کو میزائلوں سے نشانہ بنایا، یہ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں دوسرا حملہ ہے ۔لبنان کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے سرحد پر تین دیہات میں کئی مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا۔ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے ماہرین کی لیڈرشپ کونسل کے ارکان کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کو شکست نہیں دے سکے گا،حزب اللہ نے غیر معمولی جدت اور ترقی حاصل کرلی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں