تارکین کو روکنے ، ملک بدر کرنے کی بات پر قائم ہوں:ٹرمپ
واشنگٹن(اے ایف پی،رائٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد ٹرمپ نے تارکین وطن کی آمد روکنے اور انہیں امریکا سے نکالنے کے اپنے بیانات پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔
ٹرمپ نے کامیابی کے بعد امریکی میڈیا کو اپنا پہلا انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا کے بارڈرز کو محفوظ بنانے اور تارکین کو ملک بدر کرنے کے اپنے بیانات پر قائم ہیں۔ لوگوں کی ملک بدری کی قیمت کے سوال پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ یہ قیمت کی بات نہیں ہے ،خاص کر ایسے وقت میں جب لوگوں کو قتل کیا جائے اور منشیات گینگ ملک کو تباہ کررہے ہیں تو ایسے میں لوگوں کو واپس جانا ہوگا اور اس کے سوا کوئی اور راستہ نہیں۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ لوگوں کے امریکا آنے کے خلاف بالکل نہیں ہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ امریکا آئیں۔دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوزی وائلز کو وائٹ ہائوس کا چیف آف سٹاف مقرر کردیا۔سوزی وائلز ٹرمپ کی انتخابی مہم کی منیجر تھیں، 67 سالہ سوزی ویلز نے امریکی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد سے 70 عالمی رہنماؤں سے بات ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک روسی صدر سے بات نہیں کی لیکن ان سے بات کرنے کا ارادہ ہے ۔دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق نو منتخب صدر ٹرمپ 301 الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے جبکہ کملا ہیرز کے 226برقرار ہیں ۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نو منتخب صدرکے عہدہ سنبھالنے سے قبل اپنی بقیہ مدت کے دوران غزہ اور لبنان میں جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کام جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں کو بتایا کہ بائیڈن انتظامیہ اقتدار کی منتقلی تک غزہ اور لبنان میں جنگ کے خاتمے تک کام جاری رکھے گی۔امریکا کے فیڈرل ریزرو کے سربراہ جیروم پال نے کہا ہے کہ اگر نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ حکم دیں گے تو بھی وہ عہدہ نہیں چھوڑیں گے ۔جیروم پال نے کہا ان کی مدت ختم ہونے سے پہلے انہیں ہٹانے کی کوشش کی قانون کے تحت اجازت نہیں ہے ۔