اسرائیل بمباری،غزہ میں مزید 35 شہید،لبنان پر بھی حملے،کئی عمارتیں منہدم
غزہ ،بیروت ،دمشق (اے ایف پی ،رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں مزید 35افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ،ادھر لبنان میں جنوبی بیروت پر صیہونی حملوں میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز غزہ بھر میں اسرائیلی بمباری ،گولہ باری اور فائرنگ سے کم ازکم 35افراد شہید ہوئے ،کئی فلسطینی عمارتوں کے ملبے تلے دب گئے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں فضائی حملے کیے ،اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں جبکہ متعدد افراد کی شہادت کا خدشہ ہے ۔ وادی بیکا میں اسرائیلی حملے میں تین بچوں سمیت چھ افراد شہید25زخمی ہو گئے ۔ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے شمع گاؤں میں اسرائیل کے مرکاوا ٹینک کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا جس سے اس میں آگ لگ گئی۔ لبنان سے داغے گئے راکٹ بیراج سے اسرائیلی شہر حیفہ میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا ،حملے میں کئی لوگ زخمی ہو گئے ۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ حیفہ پر راکٹ بیراج میں ایک عبادت گاہ کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ جنوبی لبنان میں شدید لڑائی کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا ،آئی ڈی ایف نے کہاگزشتہ روز اسرائیلی فضائیہ نے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے تقریباً 20 اہداف کو نشانہ بنایا۔ادھر تل ابیب میں حماس کے ساتھ یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کیلئے بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔علاوہ ازیں اسرائیلی وزیر دفاع نے سات ہزار مذہبی نوجوانوں(حریدی ) کی فوج میں بھرتی کی منظوری دے دی۔
اس اعلان سے نیتن یاہو کیلئے اتحادیوں نے نیا سیاسی بحران پیدا کردیا ۔مذہبی رہنماؤں نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے حکومت چھوڑنے کی دھمکی دیدی ۔حریدی قیادت نے کہا کہ وہ فوج میں اپنے جوانوں کی خدمات سے انکار کرتی ہے ۔ یہ نوجوان تورات کے تدریسی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے وقف ہیں۔ اسے فوجی خدمات کے متوازی سمجھا جاتا ہے ۔ حریدی مذہبی رہنماؤں نے بھی بھرتی کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔ادھر شام پر اسرائیلی حملے میں اسلامی جہاد کے دو سینئر کمانڈر شہید ہو گئے ۔اے ایف پی کے مطابق اسلامی جہاد کے سیاسی بیورو کے رکن عبدالعزیز مناوی اور خارجہ تعلقات کے سربراہ رسمی ابو عیسیٰ دمشق کے علاقے قدسیہ پر ہونے والے حملے میں مارے گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک کم ازکم 43ہزار799فلسطینی شہید ،1لاکھ3ہزار601زخمی ہو چکے ۔