اقوام متحدہ : امریکا نے غزہ جنگ بندی قرارداد چوتھی بارویٹو کر دی
نیویارک، غزہ ،بیروت (اے ایف پی ،رائٹرز) امریکا نے سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد چوتھی مرتبہ ویٹو کردی۔قرار داد کے حق میں 14 ،مخالفت میں ایک ووٹ کاسٹ کیا گیا۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر رابرٹ ووڈ نے کہا مذاکرات کے دوران واضح کر دیا تھا ہم غیر مشروط جنگ بندی کی حمایت نہیں کر سکتے ۔قرار داد کی منظوری سے حماس کو حوصلہ ملے گا۔ یاد رہے سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد 11 بار پیش کی جاچکی ۔ حماس نے جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پر امریکا کو فلسطینیوں کی نسل کشی کا براہ راست ذمہ دار قرار دے دیا۔غزہ پر اسرائیلی حملے ، بچوں اور عورتوں سمیت مزید 30افراد شہید ،70زخمی ہو گئے ۔لبنان میں بھی کئی شہید و زخمی ہوئے ۔ جھڑپوں میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک، 9 زخمی ہو گئے ۔ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں 43ہزار985فلسطینی شہید ،1لاکھ 4ہزار 92زخمی ہو چکے ۔لبنانی فوج نے کہا بدھ کواسرائیلی فائرنگ میں 4 فوجی مارے گئے ۔ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ بیروت پر حملوں کے بعد اسرائیل کو تل ابیب پر حملے کیلئے تیار رہناچاہیے ۔ گزشتہ روز شام کے علاقے پالمیرا پر اسرائیلی حملوں میں 40 افراد جاں بحق ،50زخمی ہو گئے ۔