یوکرین کے بڑے حملے کا خطرہ ، امریکا سمیت کئی ملکوں کے سفارتخانے بند
کیف،ماسکو(اے ایف پی،رائٹرز،اے پی) یوکرین پر روس کے بڑے حملے کے خطرے پرامریکا، سپین، اٹلی ، یونان و دیگر کئی ممالک نے یوکرین میں سفارتخانے بند کر دئیے ۔
یوکرین میں امریکی سفارتخانے کا بیان میں کہنا ہے کہ روسی فضائی حملے کی معلومات
کے پیش نظر کیف میں اپنا سفارتخانہ بند کر رہے ہیں۔عملے کو محفوظ مقام پر پناہ لینے کی ہدایت کر دی ۔دوسری جانب یوکرین نے کہا ہے کہ میزائل حملوں کا انتباہ روسی نفسیاتی حملہ ہے ۔ جعلی پیغامات کی تنبیہ کی جا رہی ہے جو نفسیاتی آپریشن کا حصہ ہیں۔روسی صدر پوٹن نے ماسکو اور پیانگ یانگ میں دوستی کی علامت کے طور پر شمالی کوریا کو شیر ، دو ریچھوں سمیت درجنوں جانور تحفے میں دئیے ہیں۔روس کی قدرتی وسائل کی وزارت نے پوسٹ میں کہا ایک افریقی شیر، دو بھورے ریچھ، دو گھریلو یاک، پانچ سفید کوکاٹو، مختلف انواع کے 25 تیتر اور 40 مینڈارن بطخوں کو ماسکو کے چڑیا گھر سے پیانگ یانگ چڑیا گھر میں منتقل کیا گیا۔ کریملن کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا امریکی انتظامیہ کے رجحانات کو دیکھیں تو وہ یوکرین میں جنگ جاری رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں ۔یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے کیف کو دی جانے والی فوجی فنڈنگ میں کمی کی تو یوکرین روس کے خلاف اپنی جنگ ہار جائے گا۔سیول نے شمالی کوریا پر الزام لگایا ہے کہ وہ روس کو ہزاروں فوجی اور کنٹینر سے بھرے ہتھیار بھیج رہا ہے ۔ ایک امریکی اہلکار نے کہا واشنگٹن جلد ہی یوکرین کو اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں فراہم کرے گا ۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق یوکرین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ ان سرنگوں کو گنجان آباد علاقوں میں استعمال نہیں کرے گا۔ یوکرین نے پہلی مرتبہ روس کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے برطانیہ کے تیار کردہ سٹارم شیڈو میزائل کا استعمال کیا ہے تاہم برطانوی سیکرٹری دفاع جون ہیلی نے تصدیق کرنے سے گریز کیا ہے ۔