اسرائیلی بمباری:غزہ 35، لبنان میں 55 افراد شہید
غزہ،بیروت(اے ایف پی،رائٹرز)گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے غزہ میں 35 جبکہ لبنان میں 55 افراد شہید، سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
ادھر اردن میں حملہ آور نے اسرائیلی سفارتخانے کے قریب فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک ،3پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا ،2کی حالت تشویشناک ہے ۔جوابی فائرنگ میں حملہ آور موقع پر ہلاک ہوگیا ۔اسرائیلی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ عملہ محفوظ ہے ۔ متحدہ عرب امارات میں لاپتا اسرائیلی نژاد مالڈووی ربی زوی کوگان کی لاش مل گئی ہے ۔نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مجرموں سے بدلہ لے گا ۔ادھر اماراتی حکام نے کوگان کے قتل میں ملوث تین ملزموں کو گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اتوار کو اسرائیلی ڈرون حملے میں کمال عدوان ہسپتال کے سربراہ حسام ابو صفیہ زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ گزشتہ روز حزب اللہ نے اسرائیلی سرزمین پر دن بھر 250 میزائل داغے جن کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔حزب اللہ کا کہنا تھا کہ جنوبی لبنان میں ایک کارروائی کے دوران چھ اسرائیلی مرکاوا ٹینکوں کو تباہ کر دیا۔لبنان نے کہا کہ اتوار کو سکیورٹی پوسٹ پر اسرائیلی حملے میں ایک فوجی شہید ،18 زخمی ہوگئے ۔ غزہ کی وزرات صحت کے مطابق 7اکتوبر2023سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم ازکم 44ہزار 211فلسطینی شہید ،1لاکھ 4ہزار567زخمی ہو چکے۔