پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

پرتھ (سپورٹس ڈیسک)پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی سٹار بلے باز ویرات کوہلی نے سنچری کے ساتھ اپنی فارم بحال کی اور۔۔۔

 اسی کے ساتھ ہی انڈیا نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹ پر 487 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کردی اور آسٹریلیا کو جیت کیلئے 534 رنز کا ہدف دیا،آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 3وکٹوں پر 12رنز بنائے ہیں ۔بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں ابتدائی روز 17 وکٹیں گری جس سے بظاہر ایسا دکھائی دیرہا تھا کہ یہ میچ تیسرے دن ہی ختم ہوجائے گا لیکن بھارتی بیٹرزنے دوسری اننگز میں آسٹریلین باؤلرز کو خوب پریشان کیا۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 150 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی ، روہت شرما کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے جسپریت بمرا نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 104 رنز پر ہی ڈھیر کردیا، حیران کن طور پر پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں ہی داخل نہ ہوسکے ، بھارت کی جانب سے بمرا نے 5، ہرشت رانا نے 3 اور محمد سراج نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پہلے روز 17 وکٹیں گرنے کے بعد کھیل کے دوسرے روز صرف 3 وکٹیں گریں اور وہ بھی آسٹریلیا کیں، بھارت کے یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل نے دوسرے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 172 رنز بنائے ۔تیسرے روز بھارت نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 487 رنز بنائے اور اپنی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔ یشسوی جیسوال 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے ، کے ایل راہل 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ ویرات کوہلی نے دوسری اننگز میں 143 گیندوں پر سنچری سکور کرکے نہ صرف اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کی بلکہ آسٹریلیا کے خلاف بھارت کو مضبوط پوزیشن میں کھڑا کردیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں