بھارت :مسجد کا متنازعہ سروے ، پولیس فائرنگ ، 3مسلمان شہید
لکھنو(اے پی پی، مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست اتر پردیش کے سنبھل ضلع میں واقعے شاہی جامع مسجد کے متنازعہ سروے کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 3 مسلمان شہید ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق سنبھل کی ضلعی عدالت نے 19 نومبر کو ایک انتہا پسند ہندو کی درخواست پر شاہی مسجد کے سروے کا حکم جاری کیا تھا۔ درخواست گزار انتہا پسند ہندو نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہی جامع مسجد حقیقت میں ہری ہر مندر ہے ۔ عدالت نے سروے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ کل 26 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے ،گزشتہ روز جب متنازعہ سروے کیلئے حکام وہاں پہنچے تو حالات کشیدہ ہوگئے ، پولیس کی فائرنگ سے نعیم، بلال اور نوید شہید ہو گئے۔ مراد آباد کے ڈویژنل کمشنر کے مطابق کشیدگی کے دوران متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 افراد کو گرفتار کیا جا چکا۔