روسی، شامی فضائیہ کی ادلب شہر پر بمباری، 8 ہلاک، 50 زخمی

روسی، شامی فضائیہ کی ادلب شہر پر بمباری، 8 ہلاک، 50 زخمی

دمشق،جنیوا(اے ایف پی)روسی اور شامی فضائیہ کی ادلب شہر پربمباری، 8 افراد ہلاک، 50 زخمی ہوگئے۔ شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ اتوار کے روز روسی فضائیہ نے ادلب شہر میں بے گھر لوگوں کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا۔

امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سیویٹ نے ایک بیان میں کہا کہ روس اور ایران پر انحصار کے باعث شامی صدر بشار الاسد نے حلب کا کنٹرول کھو دیا۔ انہوں نے کہا شام کی جانب سے سلامتی کونسل کے 2015 کے امن عمل کے ساتھ آگے بڑھنے سے انکار کے باعث ایسے حالات پیدا ہوئے جو اب سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکا کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ،حملہ آور ایچ ٹی ایس ایک دہشتگرد تنظیم ہے ۔شام کیلئے اقوام متحدہ کے ایلچی گیئر پیڈرسن نے کہا کہ حلب میں لڑائی کا بھڑک اٹھنا علاقائی اور عالمی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے، گیئر پیڈرسن نے کہا کہ شامی اور بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز لڑائی کا سیاسی حل تلاش کریں۔ ادھر شام کے صدر بشار الاسد نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے طاقت کے استعمال کا عزم ظاہر کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ دہشتگر دصرف طاقت کی زبان کو سمجھتے ہیں۔ علاوہ ازیں شامی مانیٹر کا کہنا ہے کہ ترکی کے حامی دھڑے حکومت اور کرد فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ پانچ دنوں سے جاری جھڑپوں اور فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 412 تک پہنچ گئی ہے، حیات تحریر الشام کے 214، حکومت نواز فورسز کے 137 اور 61 عام شہری مارے گئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں