بائیڈن نے ٹیکس فراڈ ، اسلحہ کیس میں بیٹے کی سزا معاف کر دی
واشنگٹن(اے پی، رائٹرز،اے ایف پی) بائیڈن نے اپنی مدت صدارت کے خاتمے سے ایک ماہ 20دن قبل اپنے بیٹے ہنٹر کے اسلحہ اور ٹیکس سے متعلق مجرمانہ الزامات کو معاف کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔
قبل ازیں انہوں نے یہ وعدہ کیا تھا کہ بطور صدر وہ اپنے بیٹے کو معاف کرنے کے لیے اختیارات کا بے جا استعمال نہیں کریں گے ۔اس صدارتی معافی کے سبب ہنٹر اسلحہ اور ٹیکس سے متعلق وفاقی مقدمات میں ممکنہ قید کی سزا سے بچ گئے ۔ غیر قانونی بندوق اور ٹیکس سے متعلق مذکورہ مقدمات میں عدالت نے انہیں قصوروار قرار دیا تھا تاہم انہیں سزا سنائی جانی باقی تھی۔ صدر نے ایک بیان میں کہاکوئی بھی معقول شخص جو ہنٹر کے کیسز کے حقائق کو دیکھتا ہے ، وہ اس کے علاوہ کسی اور نتیجے پر نہیں پہنچ سکتا کہ ہنٹر کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ میرے بیٹے ہیں اور یہ غلط ہے ۔ان کا کہنا تھامجھے امید ہے کہ امریکی اس بات کو سمجھ جائیں گے کہ ایک باپ اور ایک صدر اس فیصلے پر کیوں پہنچے ؟۔ادھر صدر کے بیٹے ہنٹر بائیڈن نے کہا ہے کہ انہیں صدر کی جانب سے جو بھی امداد فراہم کی گئی ہے ، اسے وہ کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا جو زندگی انہوں نے دوبارہ تعمیر کی ہے اسے وہ ان لوگوں کی مدد کے لیے صرف کریں گے جو ابھی تک بیماری اور تکلیف سے گزر رہے ہیں۔بائیڈن کے فیصلے سے ریپبلکن کافی ناراض ہیں۔ نو منتخب صدر ٹرمپ نے بائیڈن کے فیصلے کو انصاف کے ساتھ زیادتی اور انصاف کا اسقاط حمل قرار دیا۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا ٹروتھ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکیا بائیڈن کی طرف سے ہنٹر کو دی گئی معافی میں چھ جنوری2021 کے یرغمالی بھی شامل ہیں جو برسوں سے قید میں ہیں؟ ،ان کی مراد ان قیدیوں سے کیپٹل ہل پر حملہ آور تھے ۔ کانگریس کی خاتون رکن مارجوری ٹیلر گرین نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا بائیڈن شروع سے آخر تک ایک جھوٹا اور منافق ہے ۔رکن کانگریس اینڈی بگس نے کہا کہ بائیڈن امریکی تاریخ کے بدعنوان ترین صدور میں سے ایک کے طور پر یاد کئے جائیں گے ۔ ہنٹر بائیڈن ایک مجرم ہے لیکن اس کے بدعنوان والد قانون کی حکمرانی کی پیروی کرنے والی انتظامیہ کے تحت انصاف نہیں ہونے دیں گے ۔