ٹرمپ انتظامیہ پاکستان سے میزائل پروگرام پر بات کریگی : نامزد امریکی ایلچی
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نامزد ایلچی برائے خصوصی مشن رچرڈ گرینیل نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے ۔۔
ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے ،میں چاہتاہوں کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے رہا کیا جائے ، عمران خان پر بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح کرپشن کے جھوٹے الزامات ہیں۔ایک امریکی ٹی وی پروگرام میں میزبان نے رچرڈ یا رک گرینیل سے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خصوصی مشن کے سفیر کے طور پر نامزد کئے جانے اور پاکستان کے ساتھ امریکا کے خارجہ تعلقات کی پالیسی کے بارے میں بات کی۔رچرڈ گرینیل کاکہناتھاکہ انہیں یقین ہے کہ سیاست میں باہر سے آنے والے لوگ، غیر سیاسی، عام فہم لوگ، کاروباری لوگ وہ لوگ ہیں جو میرے ساتھ بہترین کام کرتے ہیں،لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ عمران خان جیل سے رہا ہوں ،ا گر بانی پی ٹی آئی وزیراعظم کا الیکشن لڑنا چاہتے ہیں تو اس کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں۔بانی سابق کرکٹر ہیں روایتی سیاستدان نہیں اس لئے صاف بات کرتے ہیں۔ حکمراں جماعت نے انہیں جیل میں ڈال دیا تھا اور کسی نہ کسی طرح کے بدعنوانی کے الزامات اور جھوٹے الزامات لگائے تھے ۔ ٹرمپ کے دور حکومت میں پاکستان سے بہترین تعلقات تھے ، اسوقت پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کی حکومت تھی، عمران خان سے ٹرمپ کے بہت اچھے تعلقات تھے ۔ رچرڈ گرینیل نے اپنی وزارت خارجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عجیب وغریب بیان سے میتھیو ملر بھی یہی کہنا چاہ رہے تھے کہ بانی کو رہا کیا جائے ،سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا بیان انتہائی عجیب اور مبہم ہے ، ایسی زبان استعمال کی جاتی ہے جو کوئی بھی نہیں سمجھتا۔