پرندہ ٹکرانے سے آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ، 38 ہلاک ،29 زخمی

پرندہ  ٹکرانے  سے  آذربائیجان  کا مسافر  طیارہ  گر  کر  تباہ  ، 38 ہلاک  ،29 زخمی

آستانہ(اے ایف پی )آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے ۔

آذربائیجان ایئرلائنز نے ایکس پوسٹ 

 میں بتایاکہ ایمبریئر 190 ساخت کا طیارہ آذربائیجان ایئرلائنز کی پرواز J2-8243 کو لے کر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی جارہا تھا تاہم صبح 8 بج کر 55منٹ پر اڑان بھرنے والا طیارہ 11 بج کر 28منٹ پرقازقستان میں بحیرہ کیسپین کے مشرقی ساحل پر تیل اور گیس کے مرکز اکتاؤ شہرسے تقریباً 3 کلومیٹر کے فاصلے پر ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور ہوا ۔ ایئرلائنز کے مطابق طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے ،قازقستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہناہے کہ جہاز میں آذربائیجان کے 37، روس کے 16، قازقستان کے 6 اور کرغزستان کے 3 شہری سوار تھے ،بچ جانیوالے 29افراد زخمی اور ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 7کی حالت تشویشناک ہے ۔روسی ہوا بازی کے نگران ادارے کے مطابق اطلاعات ہیں کہ طیارے سے پرندہ ٹکرانے کے بعد پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، گروزنی میں شدید دھند کے باعث حادثے کا شکار ہونے سے قبل طیارے کا رخ تبدیل کروادیاگیاتھا۔ حادثے کی غیر مصدقہ ویڈیو میں آذربائیجان ایئرلائنز کے طیارے میں زمین سے ٹکراتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے گہرے بادل دیکھے گئے تاہم آگ پر قابو پالیا گیا۔برطانو ی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق طیارے کی تصاویر میں واضح دیکھا جاسکتاہے کہ اس میں گولیوں جیسے سوراخ ہیں ،یہ مشتبہ سوراخ واضح دکھائی دے رہے ہیں، جس سے یہ افواہیں پھیلی ہیں کہ طیارے کو روسیوں نے مار گرایا تھا ۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے حادثے کے بعد روس کا دورہ مختصر کر دیا جہاں انہیں سربراہی اجلاس میں شرکت کرنا تھی۔روسی صدر ولادی میر پوٹن نے الہام علیوف کے ساتھ فون پر بات چیت کی اور حادثے کے سلسلے میں اپنی تعزیت کا اظہار کیا ۔ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسافر طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اِظہار تعزیت کیا،ان کاکہناتھاکہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کاایک ایکس پیغا م میں کہناتھاکہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ عزیز بھائی، صدر آذربائیجان الہام علیوف اور آذربائیجان کی عوام سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں