قیام امن کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرینگے :طیب اردوان

استنبول ،بیجنگ ،واشنگٹن (مانیٹر نگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)پاک بھارت کشیدگی پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیااورکہاہے کہ امید ہے پاکستان اور بھارت کی بڑھتی ہوئی کشیدگی جلد کم ہوجائے گی ۔
چین نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل ہے جبکہ امریکی محکمہ خارجہ کا کہناہے کہ پاکستان اور بھارت صورتحال کا ذمہ دارانہ حل نکالیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے بیان میں کہاکہ ترکیہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔انہوں نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ چین نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے پریس بریفنگ میں کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ دونوں فریق بات چیت اور مشاورت کے ذریعے متعلقہ اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کریں گے ۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک ای میل کے ذریعے دئیے گئے جواب میں کہا کہ موجودہ صورت حال میں بھارت اور پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں، یہ ایک تبدیل ہوتی صورتحال ہے جس میں کسی بھی پیشرفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، امریکا تمام فریقین کو ذمہ دارانہ حل کی جانب کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔ پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اوربھارت کے ساتھ کھڑے ہیں۔