بھارت نیوکلیئر بلیک میلنگ برداشت نہیں کریگا:مودی

بھارت نیوکلیئر بلیک میلنگ برداشت نہیں کریگا:مودی

نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیر اعظم مودی نے روایتی ہٹ دھر می کا مظاہرہ کرتے کہا ہے کہ آپریشن سندور نے دہشتگردی کیخلاف لڑائی میں نئی لکیر کھینچ دی،پاکستان کی نیوکلیئر بلیک میلنگ برداشت نہیں کرینگے۔۔۔

بھارت پر دہشتگردوں کا حملہ ہوا تو ہم اپنے طریقے اور اپنی شرطوں پر جواب دیکر رہیں گے ۔ قوم سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم  نے کہا ہم دہشتگردی کی سرپرست سرکار اور آقاؤں کو الگ نہیں دیکھیں گے ،پاکستان کو بچنا ہے تو اسے دہشتگردی کے انفراسٹرکچر کا صفایا کرنا ہوگا، اسکے علاوہ امن کا کوئی راستہ نہیں۔تجارت اور دہشتگردی ایک ساتھ نہیں ہو سکتے ، پانی اور خون ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا۔اگر پاکستان سے بات ہوگی تو صرف دہشتگردی اور پاکستان کے زیرقبضہ کشمیر پر ہی ہوگی۔مودی نے روایتی جھوٹ کا سہارا لیتے کہا پاکستان نے انڈیا میں شہری علاقوں کو نشانہ بنایا ، ڈرون اور میزائل حملوں کو بھارتی فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنایا ۔پاکستان کی تیاری سرحد پر وار کی تھی لیکن ہم نے سینے پر وار کر دیا۔بھارتی ڈرونز اور میزائلوں نے پاکستانی ایئربیسز کو نقصان پہنچایا ۔ انڈیا کی کارروائی کے بعد پاکستان بچنے کے راستے ڈھونڈنے لگا۔ پاکستان دنیا بھر میں تناؤ میں کمی کا مطالبہ کر رہا تھا اور پوری طرح پٹنے کے بعد 10 مئی کی دوپہر کو پاکستانی فوج نے ہمارے ڈی جی ایم او سے رابطہ کیا۔ ہم نے پاکستان میں دہشتگردی کے ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کو ابھی صرف روکا ہے ،آئندہ دنوں میں ہم پاکستان کے ہر قدم کو اس پیمانے پر ناپیں گے کہ وہ کیا رویہ اپناتا ہے ۔ دہشتگردی کیخلاف کارروائی میں ساتھ دینے کی بجائے پاکستان نے بھارت پر حملہ کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں