سرحد پار سے افغان طالبان کا باجوڑ میں حملہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد شہید

باجوڑ :(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں سرحدپار سے افغان طالبان کے پاکستان پر حملے میں 4 شہری شہید ہوگئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق آج دوپہر3 بج کر 30 منٹ پر افغان طالبان نے سرحد پار سے توپ خانے اور مارٹر فائرنگ کے ذریعے ضلع باجوڑ کے علاقے سالارزئی، تبستہ لیٹئی میں شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنایاگیا۔

انہوں نے بتایاکہ ایک گھرمارٹرگولے کی زد میں آیاجس کے نتیجے میں 4 معصوم شہری شہید اور 5 سال کا بچہ شدید زخمی ہوا، شہید ہونے والے چاروں افراد ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ بھائی تھے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ مقامی افراد نے افغان طالبان رجیم کے دہشتگردانہ اقدام کی شدید مذمت کی اور غم وغصےکا اظہارکیا۔

 وفاقی وزیراطلاعات وتشریات نے کہا کہ افغان طالبان رجیم معصوم شہریوں کوجان بوجھ کرنشانہ بنا رہے ہیں، افغان طالبان فتنہ الخوارج جیسی دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں، ایسے حملے بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی اقدارکی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن غضب للحق کی مؤثرکارروائیوں کے باعث افغان طالبان اور دہشتگرد شدید دباؤ اور مایوسی کا شکار ہیں، اس بزدلانہ اور گھناؤنے حملے کے ذمہ دارافغان طالبان کی چوکیوں، انفرااسٹرکچر کو مناسب اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں