روس اور چین کا چاند پر ایٹمی پلانٹ بنانے کیلئے معاہدہ
ماسکو(آئی این پی )روس اور چین نے چاند پر مشترکہ ایٹمی پاور پلانٹ بنانے کا معاہدہ کر لیا ۔ یہ پلانٹ 2036 تک مکمل ہونے کی توقع ہے ، یہ بیجنگ اور ماسکو کی قیادت میں قائم کیے جانے والے مستقل قمری بیس انٹرنیشنل لونر ریسرچ سٹیشن کو توانائی فراہم کرے گا
۔ روس کے خلائی ادارے روسکوسموس کے سربراہ یوری بوریسوف کے مطابق چاند پر یہ ری ایکٹر مکمل طور پر خودکار طریقے سے نصب کیا جا سکے گا ،انسانی عمل دخل کی ضرورت نہیں ہوگی۔ پلانٹ کی تعمیر کیلئے درکار ٹیکنالوجی تیار ہے ۔ یہ قمری تحقیقاتی سٹیشن چاند کے جنوبی قطب پر تعمیر کیا جائے گا ، 17 ممالک شراکت دار بن چکے جن میں مصر، پاکستان، وینزویلا، تھائی لینڈ اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔چینی خلائی حکام کا کہنا ہے کہ مکمل سٹیشن مستقبل میں مریخ مشنز کے لیے بھی معاون ہو سکتا ہے ، اسے شمسی اور ایٹمی توانائی سے چلایا جائے گا۔