دیرپا امن کیلئے پاکستان بھارت آگے بڑھیں :امریکا

واشنگٹن(کے پی آئی،آئی این پی ) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ۔۔۔
دیرپا امن کیلئے پاکستان اور بھارت آگے بڑھیں، یہ بات امید افزا ہے کہ امریکی شمولیت اور معاونت کے سبب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی ۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ بات دنیا کے مشاہدے میں آئی کہ دیرینہ مسائل حل نہیں ہوئے ہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تنازعات حل ہونے کا امکان پھر سے پیدا ہواہے اوریہ دونوں ملکوں کیلئے موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات امید افزا ہے کہ امریکی شمولیت اور معاونت کے سبب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ہوئی ، اچھی خبر یہ ہے کہ حریف جنگ بندی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کی پریس بریفنگ کے دوران بھارتی صحافی پاکستان کیخلاف زہر اگلنے لگا، جس پر ترجمان نے بھارتی صحافی کو روک دیا۔ بھارتی صحافی نے سوال کی بجائے پاکستان پرالزام لگانا شروع کردئیے ، ٹیمی بروس نے بھارتی صحافی کو بیچ میں روک کر جواب دیا۔انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان مسائل کی وجہ سے خطے میں دہشت گردی اور تشدد رہا ہے ، اب جنگ بندی ہے ، جس سے طویل مدتی مسائل کے حل ہونے کی صلاحیت واپس آگئی۔