بھارت کو ہزیمت ، ششی تھرور کو کولمبیا میں حمایت نہ مل سکی

بھارت کو ہزیمت ، ششی تھرور کو کولمبیا میں حمایت نہ مل سکی

نئی دہلی،کولکتہ(مانیٹرنگ ڈیسک)پہلگام واقعے کے بعد بھارت کو عالمی سفارتی محاذ پر ہزیمت کا سامنا ہے ، عالمی برادری پاک بھارت جنگ پر اس کا موقف قبول کرنے کو تیار نہیں۔

ششی تھرور کو کولمبیا میں حمایت نہ مل سکی ،بھارتی اخبار کے مطابق حال ہی میں بھارتی وفد کو کولمبیا میں بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، جب کولمبیا کی حکومت نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔روزنامے کے مطابق کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ بھارت کولمبیا کی حکومت سے اس بات پر مایوس ہے کہ اس نے پہلگام حملے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرنے کے بجائے ، آپریشن سندور کے دوران پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ادھر بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پاکستان کے خلاف بھارتی فوج کی کارروائی کو آپریشن سندور کا نام دینے پر وزیر اعظم مودی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی ایسے بول رہے ہیں جیسے وہ ہر مہیلا کے پتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن سندور کا نام مودی کی ذہنی اختراع ہے ،اس آپریشن کے سیاسی مقاصد تھے ۔ بی جے پی نے ہمیشہ ملک میں فرقہ وارانہ تشدد اورنفرت کو ہوا دی ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں