غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے بحری جہاز پر اسرائیلی قبضہ،مزید 51 شہید
غزہ ،یروشلم(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے بحری جہاز پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کر لیا ۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ کمانڈوز نے بین الاقوامی پانیوں میں قبضے میں لینے کے بعد میڈلین کے عملے کو اسرائیل لے جایا جا رہا ہے ۔فریڈم فلوٹیلا کولیشن کی طرف سے لانچ کیا گیا میڈلین جہاز غزہ سے تقریباً 100 ناٹیکل میل کے فاصلے پر تھا جب اسے پکڑا گیا۔ فریڈم فلوٹیلا کولیشن گروپ نے ٹیلی گرام پر کہا ہے کہ میڈلین سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔ گروپ نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ لائف جیکٹس پہنے لوگ ہاتھ اٹھائے بیٹھے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس کو ہتھیار پہنچنے سے روکنے کے لیے ناکہ بندی ضروری ہے ۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا غزہ میں امدادی سامان لے کر آنے والے جہاز کو فی الحال اسرائیلی بندرگاہ اشدود لے جایا جا رہا ہے ۔جہاز پر سوار افراد کو اسرائیل پہنچنے پر سات اکتوبر کو حماس کے حملے کی ویڈیو دکھائی جائیگی۔انہوں نے سویڈن سے تعلق رکھنے والی کارکن گریٹا تھنبرگ اور جہاز پر سوار دیگر افراد پر الزام عائد کیا کہ وہ حماس کو سپورٹ کر رہے ہیں جبکہ ایف ایف سی کا کہنا ہے کہ یہ چھوٹا بحری جہاز انسانی امداد لے کر جمعے کو سسلی سے روانہ ہوا تھا،ایف ایف سی کی پریس آفیسر نے کہا ہم کسی بھی دھونس میں نہیں آئیں گے اور دنیا یہ سب دیکھ رہی ہے ۔ میڈلین سویلین بحری جہاز ہے ، بین الاقوامی پانیوں میں یہ غیر مسلح ہو کر دنیا بھر سے انسانی امداد اور انسانی حقوق کے محافظوں کو لے کر جاتا ہے ۔ اسرائیل کو غزہ تک پہنچنے کی ہماری کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی حق نہیں ۔
میڈلین امداد کی علامتی مقدار لے کر جا رہاتھا تھا جس میں چاول اور بچوں کا فارمولا دودھ بھی شامل تھا۔ بحری جہاز میں برازیل، فرانس، جرمنی، ہالینڈ، سپین، سویڈن اور ترکی کے شہری سوار ہیں۔یاد رہے 2010 میں اسرائیلی کمانڈوز نے 10 افراد کو اس وقت ہلاک کر دیا تھا جب وہ ترک بحری جہاز ماوی مرمرہ پر سوار ہوئے تھے جو غزہ کی طرف امدادی بیڑے کی طرف لے جا رہا تھا۔دوسری جانب پیر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ۔عرب میڈیاکے مطابق عید الاضحیٰ کے ایام میں اسرائیلی بربریت میں 150سے زائد افراد شہید اور کم ازکم 300زخمی ہوئے ۔اسرائیل نے حماس کے نئے سربراہ محمد سنوار کی شہادت کے بعد انکی لاش ملنے کا دعویٰ کیا ہے ۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا سنوار کی لاش یورپی ہسپتال کے نیچے بنی سرنگ سے ملی ۔ادھر حماس نے ابھی تک سنوار کی شہادت کی تصدیق نہیں کی ۔