ایران کا بڑا حملہ،سینکڑوں اسرائیلی زخمی،خامنہ ای کو زندہ نہیں چھوڑیں گے :اسرائیل
تہران(مانیٹرنگ نیوز)ایران نے اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے ساتویں روز اسرائیل پر سجیل میزائلوں سے ایک بڑا حملہ کرتے ہوئے صیہونی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور۔۔
انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ، اس دوران سینکڑوں اسرائیلی زخمی ہوگئے ،اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا بدلہ خامنہ ای سے لیں گے ، زندہ نہیں چھوڑیں گے ۔اسرائیل کی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کی صبح ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کے بعد 271 افراد ہسپتالوں میں پہنچے ، جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک ہے ، جبکہ ‘آپریشن رائزنگ لائن’ کے آغاز سے اب تک 2 ہزار 345 زخمی افراد ہسپتالوں میں لائے جا چکے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح کیے گئے ایرانی حملے کے مرکزی اہداف اسرائیلی فوج کا کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور سوروکا ہسپتال کے قریب واقع اسرائیلی فوج کا انٹیلی جنس کیمپ تھے ۔تل ابیب سمیت 6مقامات نشانہ بنے ، جاری تصاویر میں سوروکا ہسپتال اور تل ابیب سٹاک ایکسچینج اور دیگر عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کو دیکھا جاسکتا ہے ۔ایرانی حملے کے بعد تل ابیب سٹاک ایکسچینج سمیت دیگر عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر کے علاوہ بییر شیبع میں واقع گیو یام ٹیکنالوجی پارک میں ایک فوجی انٹیلی جنس تنصیب میزائلوں کا ہدف تھی، یہ علاقہ جنوبی اسرائیل کے بڑے طبی مراکز میں سے ایک، سوروکا میڈیکل سنٹر کے قریب واقع ہے ،جس سے ہسپتال کو بھی نقصان پہنچا۔جمعرات کی صبح 7 بجے ایرانی میزائل تل ابیب کے جنوب میں واقع گنجان آباد علاقے ہولون میں بھی گرا، جو درجنوں افراد کو زخمی کر گیا اور 4 افراد کو شدید چوٹیں آئیں۔اسرائیل کی مسلح افواج (آئی ڈی ایف) نے کہا ہے کہ جمعرات کی صبح ایران کی جانب سے داغا گیا کم از کم ایک میزائل متعدد گولہ بارود (وار ہیڈز) یا کلسٹر بم کی قسم کا حامل تھا۔اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر سوروکا ہسپتال کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے ۔اسرائیلی وزیراعٖظم نیتن یاہو نے کہا ایرانی میزائلوں نے سروکا ہسپتال اور وسطی اسرائیل میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا،ایرانی ظالموں کو ہسپتال پرحملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔اسرائیلی وزیردفاع اسرائیل کاٹز نے کہا آج (جمعرات )کے حملے کا بدلہ خامنہ ای سے لیں گے ، وہ بنکر میں بیٹھ کر عوام پر حملے کروارہے ہیں،خامنہ ای کو مزید زندہ رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، آیت اللہ خامنہ ای کی حکومت کو تہس نہس کر دیں گے ، تہران میں موجود خطرے کو ختم کرنے کے لیے فوج کو حملوں میں شدت کی ہدایت کردی ہے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی ایران میں فوجیوں، بیلسٹک میزائل انفرا سٹرکچر، وسطی شہر اراک میں واقع خنداب جوہری ری ایکٹر اور تہران میں واقع نطنز جوہری ری ایکٹر کو نشانہ بنایا ہے ، ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیشگی انتظامات کے باعث نہ کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ ہی علاقے کے رہائشیوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق ہے ۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اراک میں واقع غیرفعال جوہری ری ایکٹر پر حملے میں ری ایکٹر کے کور سیل کی ساخت کو بھی نشانہ بنایا ہے ، جو پلوٹونیم کی تیاری کا ایک کلیدی جزو ہے ۔اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس نے نطنز کے علاقے میں ایک اور مقام کو نشانہ بنایا، جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں ایسے اجزا اور خصوصی آلات موجود تھے جو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے جمعرات کی سہ پہر کو مغربی ایران میں ایک بڑے حملے کی کارروائی کی، جس کا ہدف ایرانی بیلسٹک میزائل انفراسٹرکچر اور ایرانی فوجی تھے ۔قریباً 20 اسرائیلی جنگی طیاروں نے اس حملے میں حصہ لیا، ایک ڈرون نے ان ٹرکوں کو نشانہ بنایا جو بیلسٹک میزائل لے کر ایک لانچ سائٹ پر پہنچے تھے ۔اسرائیل نے ایران کے اوراک ہیوی واٹر ری ایکٹر پر کیے گئے حملے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے ۔اسرائیل نے ایران کے دو تہائی میزائل لانچرز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے ‘رائٹرز’ کو بتایا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی 100 سے زائد میزائل لانچرز موجود ہیں،یہ لانچرز ایک اہم ہدف ہیں، کیوں کہ یہی لانچرز ایران کی جانب سے اسرائیل پر ہزاروں میزائل داغنے کی صلاحیت سمجھے جاتے ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا اللہ بہت رحیم ہے اور وہ ایران کو بڑی فتح سے نوازے گا کیونکہ ہم سچے اور حق پر کھڑے ہیں،میری قوم کے لوگوں اگر آپ تھوڑا سا بھی مایوسی کا شکار ہوئے تو دشمن آپ کو مزید ڈرائے گا اور آپ کو نہیں چھوڑے گا،اب تک آپ نے دشمن کے خلاف اپنے اتحاد سے جو رویہ اپنایا ہے اُسے بھرپور طاقت کے ساتھ جاری رکھیں،اسرائیل کا امریکا سے مدد مانگنا اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے ،صیہونی حکومت کے امریکی دوست منظر میں داخل ہو چکے ہیں،وہ ایسی باتیں کہہ رہے ہیں جو صہیونی حکومت کی کمزوری اور نااہلی کو ظاہر کرتی ہیں،ایرانی عوام دشمن کے سامنے بلاخوف ڈٹے رہیں اور اپنے طرزِ عمل سے دشمن کو بتا دیں کہ وہ اس سے خوفزدہ نہیں۔خامنہ ای نے قرآن کی آیت کا ترجمہ بھی شیئر کیا ‘فتح صرف اللہ کی طرف سے ہے جو غالب اور حکمت والا ہے ۔