8 ہزار سے زائد اسرائیلی بے گھر ہوگئے ، اسرائیلی میڈیا

8 ہزار سے زائد اسرائیلی  بے گھر ہوگئے ، اسرائیلی میڈیا

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی) ایران کے اسرائیل پر حملے کے باعث 8 ہزار سے زائد اسرائیلی بے گھر ہوگئے ۔

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران کے جوابی حملوں کے نتیجے میں 8 ہزار سے زائد اسرائیلی شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔ یہ معلومات اسرائیلی پراپرٹی ٹیکس کمپنسیشن فنڈ کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 30 ہزار سے زائد درخواستیں اب تک عمارتوں اور گاڑیوں کو ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے جمع کروائی جا چکی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے ، جس کے باعث شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا۔دوسری جانب اسرائیلی عوام میں بڑھتے خدشات اور دباؤ کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ \"کام مکمل کریں\" یعنی ایران پر فیصلہ کن حملہ کریں تاکہ جنگ جلد ختم ہو۔اسرائیلی فوج اور حکومت کی جانب سے اگرچہ مسلسل برتری کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ، خاص طور پر فضائیہ کی جانب سے ، جو ایرانی فضائی حدود میں بآسانی میزائل داغنے اور اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، لیکن عوامی سطح پر ایک اور قسم کی بحث جاری ہے ۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق خدشہ یہ ہے کہ اگر امریکا نے براہ راست ایران پر حملہ نہ کیا، تو یہ جنگ ایک طویل اور تھکا دینے والی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے ، جو نہ صرف مہنگی بلکہ ناقابل برداشت بھی ہو گی۔اس خدشے کا اندازہ تل ابیب کی سڑکوں پر لگے ان بل بورڈز سے بھی ہوتا ہے ، جن میں امریکی صدر سے صاف الفاظ میں مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں