شام:دمشق کے چرچ میں خود کش دھماکا، 20ہلاک
دمشق (اے ایف پی)شام کے دارالحکومت دمشق کے علاقے ڈویلا میں مار الیاس چرچ میں اتوار کو ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 52 سے زائد زخمی ہو گئے ۔
دسمبر میں بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد یہ دمشق کے اندر پہلا خودکش حملہ ہے ۔شامی وزارت داخلہ نے کہا خودکش حملہ آور داعش کا رکن تھا،حملے میں دو افراد ملوث تھے ۔ ایک نے چرچ میں گھس کر فائرنگ کی اور پھر اپنی دھماکا خیز جیکٹ کو دھماکے سے اڑا دیا ۔شام کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ حملہ ملک میں بقائے باہمی کو کمزور کرنے کی کوشش ہے ۔شام کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی گیئر او پیڈرسن نے حملے کی سخت مذمت کی۔انہوں نے حکام سے مکمل تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔پیڈرسن نے دہشت گردی، انتہا پسندی، اشتعال انگیزی اور شام میں کسی بھی کمیونٹی کو نشانہ بنانے کو مسترد کرنے کے لیے سب سے متحد ہونے کی اپیل کی۔