غزہ :سمندر کنارے کیفے پر اسرائیلی میزائل حملہ ،55شہید
غزہ(اے ایف پی )غزہ کے مختلف علاقوں میں پیر کو اسرائیلی حملوں میں 55افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔ سمندر کنارے کیفے پر اسرائیلی میزائل حملے میں 21افراد شہید ،درجنوں زخمی ہو گئے ،محکمہ صحت کے مطابق یہ کیفے خیموں کی مدد سے بنایا گیا ہے۔
لوگ ناشتہ اور انٹرنیٹ تک رسائی کیلئے جمع تھے کہ اسرائیل نے میزائل داغ دیا۔ حملے سے وہاں بڑا گڑھا پڑ گیا ہے ،ریسکیو کارکن لوگوں کو تلاش کر رہے ،کئی لوگ ملبے تلے دب گئے ہیں ،شہادتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ۔مقامی پروڈکشن کمپنی سے منسلک کیمرہ مین عزیز العفیفی نے بتایا خوفناک منظر تھا، ہر طرف لاشیں، خون اور چیخیں تھیں۔ایک وائرل ویڈیو میں میزائل حملہ اور زمین پر لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔رپورٹس کے مطابق البقہ کیفے صحافیوں اور کارکنوں میں بہت مقبول تھا کیونکہ انہیں وہاں انٹرنیٹ تک رسائی، بیٹھنے اور کام کرنے کی جگہ میسر تھی۔ادھر اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک لبنان اور شام کے ساتھ امن معاہدوں میں دلچسپی رکھتا ہے جو دہائیوں کی جنگ اور دشمنی کے بعد خطے میں ممکنہ طور پر تاریخی تبدیلی ہے ۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون سار نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت عرب ممالک کے ساتھ مزید معمول کے معاہدے چاہتی ہے ۔نیدرلینڈز کے شہر المیرے میں منفرد احتجاجی مظاہرے کے دوران 18 ہزار سے زائد بچوں کے جوتے قطار میں لگا کر شہید فلسطینی بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مظاہرے میں شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور فلاحی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔ یہ جوتے 17 ہزار 400 سے زائد ان فلسطینی بچوں کی نمائندگی کر رہے تھے جو اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ۔احتجاج کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جوتے ترتیب سے رکھے گئے ، کئی کے اندر کھلونے بھی رکھے گئے تھے تاکہ ان معصوم جانوں کی زندگیوں کا تصور پیدا ہو سکے جو چھن گئیں۔