آپریشن سندور کے دوران انڈیا کو کوئی نقصان نہیں پہنچا:اجیت دوول
نئی دہلی،اسلام آباد (آئی این پی ) بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران انڈیا کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
جبکہ پاکستان نے بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان نہ صرف حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے مترادف ہے بلکہ بھارتی عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش بھی ہے ۔آئی آئی ٹی مدراس کے 62 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے اجیت ڈوول نے آپریشن سندور کے حوالے سے کوریج کے معاملے میں غیر ملکی میڈیا کی تعصب کی بات کی۔اس آپریشن میں استعمال ہونے والے ملکی سطح پر تیار ہتھیاروں کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہاہمیں ملکی ہتھیاروں کے استعمال پر فخر ہے ۔ ڈوول نے کہا ہم نے پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔آپریشن سندورکے حوالے سے غیر ملکی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی میڈیا کہتا ہے کہ پاکستان نے یہ کیا، وہ کیا، مجھے ایک ایسی تصویر بھی دکھائیں جس میں انڈیا کو ہونے والے نقصان کو دکھایا گیا ہو، چاہے شیشہ بھی ٹوٹا ہو۔ان کا کہنا تھا ہمارا کوئی حملہ نہیں چوکا۔ ادھر ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان نہ صرف حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے مترادف ہے بلکہ بھارتی عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش بھی ہے ۔