افغانستان نے پاکستان سے گندم کی درآمد بند کردی
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان نے پاکستان سے گندم کی درآمد بندکردی ہے، افغانستان نے 10 برس قبل پاکستان سے 32 کروڑ ڈالر کا آٹا درآمد کیا تھا جس کے بعد ہمسایہ ملک سے گندم اور آٹے کی درآمد میں بتدریج کمی آئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کی وجہ سے افغان طالبان نے پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط ختم کرنے پر زور دیا تھا۔افغانستان نے اپنے صنعت کاروں اور تاجروں کو پاکستان کے بجائے دیگر ممالک کے ذریعے تجارت کے راستے تلاش کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔پاکستان گزشتہ چند دہائیوں سے افغانستان کا سب سے بڑا تجارتی اور ٹرانزٹ کوریڈور رہا ہے جہاں سے اس کی تقریباً نصف تجارت ہوتی ہے ۔بین الاقوامی اور ایشیائی مارکیٹ پر نظر رکھنے والے اداروں کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ 2015 میں پاکستان نے افغانستان کو 320 ملین ڈالر مالیت کا آٹا برآمد کیا تھا لیکن اب یہ سطح کم ہو کر صفر پر آ گئی ہے۔