ایران کا امریکا، اسرائیل سے منسلک اقتصادی اور بینکنگ مراکز کو نشانہ بنانے کا اعلان

تہران:(دنیا نیوز) ایران کا امریکا ، اسرائیل سے منسلک اقتصادی اور بینکنگ مراکز کو نشانہ بنانے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان خاتم الانبیاء فوجی کمانڈ ہیڈکوارٹر ابراہیم ذالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ تہران میں بینک سپہ کا انتظامی دفتر اسرائیل امریکی حملے میں متاثر ہوا۔

ابراہیم ذلفقاری کا کہنا تھا کہ یہ بینک ملک کے بڑے عوامی بینکوں میں سے ایک ہے، بینک سپہ کودہشت گرد امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا، دشمن اقتصادی مراکز اور بینکوں کو جواب میں نشانہ بنانے پر مجبور کر رہا ہے۔

ترجمان خاتم الانبیاء فوجی کمانڈ ہیڈکوارٹر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی کہ بینکوں سے کم از کم 1ہزار میٹر دور رہیں، یہ کارروائی خطے میں دشمن کی مداخلت اور حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہے۔

واضح رہے اسرائیل۔ایران تنازع اب صرف فوجی نہیں رہا بلکہ معاشی میدان میں بھی پھیل رہا ہے، ایران کے پہلے ہی آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل روکنے  سے تیل کی سپلائی اور قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں۔

مزید برآں یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور اگر جلد از جلد جنگ بندی نہ ہوسکی تو مزید تصادم کے امکانات موجود ہے، تاہم ایران کی جانب سے ابھی کسی بھی مالیاتی ادارے پر کوئی حملہ نہیں ہوا، لیکن یہ اعلان ایک سنگین پیش رفت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں