لبنان ،اسرائیلی فوج کی اقوام متحدہ امن فورس پرفائرنگ
مشین گن سے فائرنگ پرفوجی پنا ہ لینے پر مجبور،شناخت میں غلطی ہوئی :اسرائیل نابلس کے پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید
بیروت،غزہ (اے ایف پی)اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس پر فائرنگ کردی جبکہ غزہ میں فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کردیا ۔اقوامِ متحدہ کی لبنان میں امن فورس نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے لبنانی علاقے میں تعینات مرکاوا ٹینک سے فائرنگ کی ، امن فوجی پیدل سفر پر تھے ،بھاری مشین گن کی فائرنگ سے وہ پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے کسی بھی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق فوجیوں نے اسرائیل کی سرحد کے قریب ایلم حمّس علاقے میں دو مشتبہ افراد پر فائرنگ کی، بعدازاں معلوم ہوا کہ وہ اقوام متحدہ کے امن فورس کے اہلکار ہیں۔ موسم کی خراب صورتحال کے باعث یو این امن فورس کی شناخت میں غلطی ہوئی ۔اقوامِ متحدہ نے اس واقعہ کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد نمبر 1701 کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے ، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں صرف اقوام متحدہ کے امن فوجی اور لبنانی فوج کی تعیناتی کی اجازت ہے ۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے مشرق میں پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران ایک فلسطینی نوجوان حسن شرقاسی کوفائرنگ کرکے شہید کر دیا ، ایک اور فلسطینی نوجوان کو بھی گولی لگی۔