وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی سرکاری دورہ پر سعودی عرب روانہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورہ پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ شہباز شریف سعودی ولی عہد سے ملاقات کریں گے جس دوران خطے میں جاری کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب بہت اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور پر رابطوں کا حصہ ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کل ایران کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی، ایران پر حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب مذاکرات کے حوالے سے بات چیت جاری تھی۔
طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا کہ ہم خلیجی ممالک پر حملوں کی بھی مذمت کرتے ہیں اور یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس تمام صورت حال میں پاکستان تین نکات پر زور دیتا ہے، تمام ممالک کی خودمختاری کا خیال رکھا جائے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے اور تمام فریق سفارت کاری اور مکالمے کے ذریعے مسائل حل کریں۔
افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کابل کی جانب سے اسلام آباد پر حملے جاری ہیں جبکہ اسلام آباد پہلے سے انڈر اٹیک ہے، افغانستان کے بارے میں ہماری پالیسی پرانی ہے، ہم نے اس سے ضمانت مانگی ہے کہ اس کی سرزمین سے حملے نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے چار ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جا چکا ہے اور اٹھارہ سو پاکستانی آذربائیجان و دیگر مقامات کے راستے رکاوٹوں کو عبور کر چکے ہیں، مشرق وسطیٰ سے لوٹنے والوں کی تعداد ایران سے آنے والوں کی تعداد سے کم ہے۔
انہوں نے ایران کے تیل بردار جہازوں سے متعلق معاملات کو ایران اور متعلقہ حکومتوں کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر پاکستان کوئی مخصوص موقف نہیں رکھتا۔
اسی طرح ایران اور انڈیا کے درمیان معاملات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس پر براہ راست تبصرہ نہیں کر سکتا، پاکستانی قیادت کے ایران سمیت خطے کے اہم ممالک کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے جاری ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تین بار گفتگو ہو چکی ہے جبکہ وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی رابطہ کر کے خطے کی صورت حال پر بات کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں اس دوران خلیجی ممالک سے بھی قریبی رابطے برقرار رہیں گے، وزیراعظم کی عمان اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی قیادت سے متعدد ٹیلیفونک گفتگو ہو چکی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مختلف ممالک کے درمیان روابط کو فروغ دے رہا ہے۔